پیپلز پارٹی نواز شریف کو کندھے پر اٹھائے گی ،ہمیں چھیڑا گیا تو گھر تک چھوڑ کر آئیں گے ،نواز شریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں :شیخ رشید
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نواز شریف کو کندھا نہیں دے گی بلکہ کندھے پر اٹھائے گی ، ان کا کندھا آج کل مستقل نواز شریف کا کندھا بنا ہو ا ہے ، خورشید شاہ فوٹو سیشن کے لئے بھی بائیکاٹ کرے گا ہم اس کے ساتھ ہونگے،اگر میں اپوزیشن لیڈر ہوتا تو پاکستان کی سیاست کا نقشہ بدل چکا ہوتا ،اسحق ڈار کو نواز شریف کے سٹینڈنگ آرڈر ہیں کہ خورشید شاہ کوئی بھی کام کہے رکنا بھی نہیں چاہئے اور کوئی شکائت بھی نہیں آنی چاہئے ،فضل الرحمن اور دیگر مذہبی قوتیں جو نواز شریف کے ساتھ ہیں ان کی منزل اسلام نہیں اسلام آباد ہے ۔
نجی ٹی وی چینل ’’ڈان نیوز ‘‘ کے پروگرام ’’ان فوکس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عسکری اداروں اور حکومت کے درمیان اِٹ کھڑکا ہے جس کا نتیجہ بڑا خوفناک نکلے گا ،ہماری دعاہے کہ یہ خوفناک نہ ہو ، نواز شریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں، اس لئے وہ گزشتہ جرنیلوں کے ساتھ اکٹھے کام کرنے میں ناکام رہے، نواز شریف 1992ء میں کہہ رہے تھے کہ میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا پھر 72 گھنٹوں میں ڈکٹیشن لے لی ،یہ شیر بلی والا شیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فارم میں ہیں، سکینڈ راؤنڈ شروع ہے ، دو نومبر کو ہر حالت میں دھرنا ہو گا،ہم پر امن ہیں ،ہمیں چھیڑا گیا تو پھر ہم انہیں گھر تک چھوڑ کر آئیں گے ،27 اکتوبر کو تاریخ کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کا سمندر کا کیا مطالبہ ہے ؟انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی صادق اور امین نہیں ہے اور نہ ہی وہ آئین کے آرٹیکل 62 ، 63 پر پورا اترتے ہیں، سپریم کورٹ میں میرا کیس ٹرپل سنٹر ہے، اسی سپریم کورٹ نے 9 بندوں کو آرٹیکل 62 کے تحت نااہل کیا ،میں انہی 9 بندوں کو بحال کرانے جا رہا ہوں یا پھر سپریم کورٹ نواز شریف کو اُسی آرٹیکل کے تحت نااہل کر دے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں ،اسی سوچ کی وجہ سے وہ ماضی میں جرنیلوں کے ساتھ اکٹھے کام کرنے میں ناکام رہے۔