بلاول بھٹو اور لطیف کھوسہ مجید حکومت کی کرپشن اور بد عنوانیوں کا نوٹس لے لیتے تو عبرتناک شکست نہ ہوتی: ڈاکٹرآصف کرمانی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ کاش بلاول زرداری اور لطیف کھوسہ آزاد کشمیر میں مجید حکومت کی کرپشن اور بد عنوانیوں کا بہت پہلے نوٹس لے لیتے تو شاید اتنی عبرتناک شکست نہ ہوتی، چوہدری نثار وزیر اعظم کے پرانے اور با اعتماد رفیق ہیں ،لطیف کھوسہ نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق لطیف کھوسہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی،الیکشن میں دھاندلی کا خطرہ تو ہمیں تھا، عوام نے نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے ویژن کو ووٹ دے کر آزاد کشمیر ، مقبوضہ کشمیر اور پورے پاکستان میں نواز شریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا پیغام دیا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ کھوسہ صاحب کو کہوں گا کہ ’’انگور کھٹے ہیں ‘‘ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں اور چوھدری مجید کی فْل کلاس لیں جسکی وجہ سے کھوسہ صاحب کو یہ دن بھی دیکھنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ خود پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر کی قیادت نے چوہدری مجید حکومت کی کرپشن اور بدعنوانی کو شکست کا ذمہ دار ٹھرایا ہے، ہم افواج پاکستان اور الیکشن کمشن کو پر امن اور شفاف الیکشن کروانے پر مبارک دیتے ہیں۔