سائرہ افضل تارڑ کی ترک وزیر صحت سے جنیوا میں ملاقات
اسلام آباد(آن لائن )وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے عالمی ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر ترک وزیر صحت پروفیسر رجب الداگ سے جنیوا میں ملاقات کی ۔
تفصیلات کے مطابق ترک وزیر صحت نے کہا کہ دونوں ممالک بھائیوں کی طرح ہیں اور ہمیں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکومت پنجاب کے ساتھ شراکت داری میں کام کرنے کے بارے میں بتایا جبکہ وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے پاکستان میں صحت کے شعبہ کو آگے لے جانے ، جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے شروع کئے گئے وفاقی حکومت کے اقدامات کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم صحت کی خدمات کی فرا ہمی اور شعبہ صحت کی کارکردگی میں بہتری کے لئے ترکی کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں ۔دوسری جانب ترک و زیر نے کہا کہ صحت کی خدمات کی فراہمی میں بہتری صرف اسی صورت میں لائی جا سکتی ہے جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر معاوضے دیئے جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی میں سرکاری خریداریوں میں نجی و سرکاری شعبہ میں شراکت داری ہے ۔ ترک وزیر نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور صوبوں کے ساتھ شراکت داری کے لئے تعاون کی پیش کش کی۔