بھارت کی جانب سے درخواست آئی تو دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات ہو سکتی ہے : سرتاج عزیز
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے وزرائے اعظم کی ملاقات کے لیے درخواست آئی تو ان کی ملاقات ہو سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہونے والی سارک ممالک کی کانفرنس میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا باقائدہ کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا گیا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تاحال بھارت کی جانب سے ملاقات کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی ۔اگر پاکستان کو ایسی درخواست موصول ہوتی ہے تو اس پر غور کریں گے۔اپنے جاری کردہ بیان مین سرتاج عزیز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کی کشیدگی کا اثر سارک کانفرنس پر نہیں پڑے گا۔یاد رہے اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ملاقات کی درخواست موصول نہیں ہوئی لیکن دونوں سربراہان میں بات چیت ہو سکتی ہے۔اس کے ساتھ بھارت نے اس بات کی بھی وضاحت کی تھی کہ دونوں سربراہان کی ملاقات خارج از امکان نہیں ہے۔