الطاف حسین نے پاکستان پر براہ راست حملہ کیا ،ملک دشمن حرکات پر حکومت خاموش نہیں رہ سکتی :سینیٹر پرویز رشید

الطاف حسین نے پاکستان پر براہ راست حملہ کیا ،ملک دشمن حرکات پر حکومت خاموش ...
الطاف حسین نے پاکستان پر براہ راست حملہ کیا ،ملک دشمن حرکات پر حکومت خاموش نہیں رہ سکتی :سینیٹر پرویز رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے پاکستان کی ریاست پر براہ راست حملہ کیا ،کارکنوں کو میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے کے لئے اکسایا،جس کے بعد کراچی شہر میں پرتشدد کارروائیاں کی گئیں ‘ حکومت ان کے خلاف برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجے گی، ہم برطانیہ کی جمہوریت اور قانون سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ الطاف حسین کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ الطاف حسین نے لوگوں کو کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے کے لئے اکسایا، انہوں نے کراچی میں قانون ہاتھ میں لیا اور نجی ملکیتوں پر حملہ کرکے ان کو نقصان پہنچایا، اس معاملہ سے نمٹنے کے لئے حکومت مطلوبہ اقدامات اٹھا رہی ہے، الطاف حسین کی ملک دشمنی کی حرکات پر حکومت پاکستان خاموش نہیں رہ سکتی اور الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو ایک ریفرنس بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جب الطاف حسین کے خلاف ہم شکایات درج کراتے تھے تو برطانوی حکام کہتے تھے کہ ان کے ملک میں تحریر اور تقریر کی آزادی ہے مگر اس بار ہمیں امید ہے کہ برطانوی حکومت ہماری شکایت کو سنجیدہ لے گی کیونکہ الطاف حسین نے لوگوں کو نجی ملکیتوں پر حملوں کے لئے اکسایا اور کراچی شہر میں بدامنی پھیلائی گئی۔

مزید پڑھیں:سارک ممالک کے وزرائے خزانہ کی کانفرنس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

پرویز رشید نے کہا کہ ہم برطانوی جمہوریت اور قانون سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ الطاف حسین کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر کے خلاف پاکستانیوں کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا، برطانیہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے خود جاکر ان کے خلاف شکایات درج کرائی ہیں جن کا برطانوی حکومت جائزہ بھی لے رہی ہے، ہم بھی برطانوی حکام سے اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس کا جائزہ لے رہے ہیں جس میں انہوں نے الطاف حسین سے لاتعلقی اور ان سے فاصلہ رکھنے کا اعلان کیا ہے، ہم دیکھیں گے کہ انہوں نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں ان پر عمل بھی کرتے ہیں یا نہیں،وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح دوسری سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اگر اسی طرح فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم نے کردار ادا کیا تو سب اس کو خوش آمدید کہیں گے اور اگر لوگوں نے ان کو ووٹ دیا تو یہ سب کے لئے قابل قبول ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ایک خط لکھ کر ان کے اقدامات کو سراہا ہے، جنہوں نے بروقت میڈیا ہاؤسز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، میں وزیر اعلیٰ سندھ کو میڈیا ہاؤسز کی حفاظت کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی درخواست کرتا ہوں اس سلسلے میں وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ سینیٹرپرویز رشید نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر کے جملے دہرانے یا ان پر تبصرہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے الفاظ اور جملوں سے ان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے، انہوں نے پاکستان کی ریاست پر براہ راست حملہ کیا ہے، مشرف دور میں بھی الطاف حسین نے بھارت میں پاکستان کے خلاف تقریر کی تھی، مگر اس کے خلاف کسی نے بھی ایکشن نہیں لیا تھا کیونکہ وہ اس وقت آمر پرویز مشرف کے اتحادی تھے،اس وقت میڈیا بھی اتنی بڑی تعداد میں موجود نہیں تھا کہ وہ ان کا اصل چہرہ عوام کو دکھا سکتا، یا پھر میڈیا کو اس بات سے روکا گیا ہوگا۔

مزید :

قومی -