تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کاسنگ بنیاد13دسمبرکورکھاجائیگا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بین الصوبائی رابطے کے وزیرریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ تاپی منصو بے سے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ریڈیو پاکستان کے مطابق ترکمانستان ، افغانستان ، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کے ملکوں کی اقتصادی ترقی کیلئے بڑ ی اہمیت کا حامل ہے۔ ریاض حسین پیرزادہ نے یہ بات اسلام آباد میں ترکمانستان کے چوبیسویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تاپی منصوبہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کیلئے بڑا ہم ہے اور اس سے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان میں ترکمانستان کے سفیرعطاد جان مولاموو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہزار 735کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب 13دسمبرکو ترکمانستان میں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تاپی منصوبہ دونوں ملکوں کیلئے اقتصادی طور پر بہت مفید ثابت ہوگا۔