احتساب ہر اس شخص کا ہو گا جس کا نام پانامہ لیکس میں آیا ،ہماری تحریک جمہوریت نہیں کرپشن کے خلاف ہے : سینیٹر سراج الحق

احتساب ہر اس شخص کا ہو گا جس کا نام پانامہ لیکس میں آیا ،ہماری تحریک جمہوریت ...
احتساب ہر اس شخص کا ہو گا جس کا نام پانامہ لیکس میں آیا ،ہماری تحریک جمہوریت نہیں کرپشن کے خلاف ہے : سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ احتساب صرف وزیراعظم اور ان کے خاندان کانہیں ، ہر اس شخص کا ہوگا جس کا نام پانامہ لیکس میں آیا ہے، یا جس نے ملک کو لوٹاہے ، سیاسی جماعتیں عہد کریں کہ وہ کسی کرپٹ کو سر پر بٹھائیں گی نہ اپنی پارٹی کا ٹکٹ دیں گی، احتساب ٹرین کو پٹڑی سے اتارنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئندہ کسی لٹیرے کا تعاون لے گی نہ اس سے تعاون کرے گی ، ہماری تحریک جمہوریت کے نہیں کرپشن کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب سے جمہوریت مضبوط ہوگی ، جمہوریت کوئی شیشہ نہیں جو لٹیروں کا گریبان پکڑنے سے ٹوٹ جائے گا ، اپوزیشن جماعتوں کو احتساب کے حوالے سے یکسو رہنا چاہیے ، جو انتشار پھیلائے گا ، وہ حکمرانوں کو احتساب سے بچنے میں مدد دے گا ۔سراج الحق نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے متفقہ ٹی او آردینے کے لیے 2 مئی کو اسلام آباد میں اجلاس ہورہاہے ، کرپٹ اشرافیہ نے ملکی اداروں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح یرغمال بنارکھاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے من پسند کمیشن بنانے اور احتساب سے بچنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں اور قوم نے بھی ایسے کسی بھی کمیشن کو مسترد کر دیاہے ۔ وزیراعظم نے تین با ر قوم سے خطاب میں ملک کو درپیش چیلنجز کا حل بتانے کی بجائے اپنی صفائیاں پیش کیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو اپوزیشن سے گلہ کرنے کی بجائے عالمی میڈیا کو کوسنا چاہیے جس نے پوری دنیا کے لٹیروں کو بے نقاب کر دیاہے ۔

مزید :

قومی -