پی ٹی آئی دھرنوں کے پیچھےسابق آئی ایس آئی سربراہ کا ہاتھ تھا 'زرداری صاحب کو جب ان کے پیر کہیں گے پاکستان آجائیں گے: خواجہ محمد آصف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سول ملٹری تناﺅ کم ہورہا ہے،آئی ایس آئی کے ایک سابق سربراہ کا دھرنوں کے پیچھے ہاتھ تھا لیکن لاک ڈاﺅن میں پی ٹی آئی اس ہاتھ سے محروم تھی،زرداری صاحب اپنے پیروں سے پوچھ کر کام کرتے ہیں جب ان کے پیر کہیں گے وہ پاکستان آجائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہماری تاریخ سات دہائیوں کی ہے،سول ملٹری تناﺅ رہا ہے،گزشتہ سات سال خیریت سے گزرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ تناﺅ کم ہوا ہے،پی ٹی آئی کے دھرنے کے پیچھے فوج کا نہیں بلکہ سابق آئی ایس آئی کے سربراہ کا ہاتھ اور سوچ تھی،لاک ڈاﺅن کے پیچھے کسی کی سوچ اور ہاتھ نہیں تھا یہ پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ تھا۔
سی پیک ضرور کامیاب ہوگا ،ہوسکتا ہے بھارت بھی اس میں شامل ہوجائے :خواجہ محمد آصف
انہوں نے کہا ہے کہ کرپشن ایک بہت بڑا ایشو ہے،پوری دنیا میں یہ مسئلہ ہے،طالبان،داعش اور دیگر تنظیموں کو جو پیسہ مل رہا ہے یہ سب کرپشن کا ہی تو ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ سینیٹر پرویز رشید میرا بھائی ہے،میرا دوست ہے میرا خیال ہے کہ ایک سیاسی کارکن اور میرا بھائی ادھر ہے لیکن میڈیا کی برادری کا بندہ کدھر ہے؟ سرل المیڈا کو باہر نہیں جانا چاہیے تھا،میں پرویز رشید کی بحالی کے حوالے سے کمنٹ نہیں کروں گا،زرداری صاحب اپنے پیروں سے پوچھ کر کام کرتے ہیں جب ان کے پیر کہیں گے وہ پاکستان آجائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے تمام ادارے کام کررہے ہیں اور سب شریک سفر ہیں،سلامتی کمیٹی کے اجلاس ماہانہ بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔