’’شو بازیاں اور قلا بازیاں‘‘ نہیں چلنے دیں گے ،4مئی کو ہر صورت مینار پاکستان کیمپ لگائیں گے، کسی میں ہمت ہے تو روک کر دکھائے: قمر زمان کائرہ
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ دفعہ 144کو نہیں مانتے ، 4مئی کو ہر صورت مینار پاکستان کیمپ لگائیں گے، کسی میں ہمت ہے تو روک کر دکھائے، ن لیگ جندال لیگ بن چکی ہے، 4سال تک شریف برادران کو برداشت کیا اب نہیں کریں گے،میاں صاحب آپ رنگے ہاتھوں پکڑے جا چکے ہیں، جبکہ پوری قوم جانتی ہے کہ اربوں کی جائیدادیں کہاں سے آئی ہیں؟ شہباز شریف کی شوبازیاں اور عمران خاں کی قلابازیاں نہیں چلنے دیں گے،اب (ن) لیگ حکومت کا جانا لازم ہے، پیپلز پارٹی اپنی تحریک کی کامیابی اور اتحاد کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کر رہی ہے،عدالتی فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف آیا ہے جبکہ ان کی تسلی کیلئے پورا فیصلہ بھی جلد آجائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کے جھوٹے دعویوں کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا ہے ، اب (ن) لیگ حکومت کا جانا لازم ہے،پوری دنیا میں الزامات پر وزیر اعظم مستعفی ہو جاتے ہیں اور یہاں عدالتی فیصلہ نہیں مانا جا رہا، چار سال میں (ن) لیگ کسی شعبے کو بہتر نہیں کر پائی، چند پل بنانے سے ترقی نہیں آتی، حکومت عوام کو صحت ، تعلیم اور روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 144کو نہیں مانتے ، کسی میں ہمت ہے تو روک کر دکھائے، ن لیگ جندال لیگ بن چکی ہے، 4سال تک شریف برادران کو برداشت کیا اب نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی نے حکومت مخالف تحریک شروع کر دی ہے جس میں جوچاہے شامل ہوسکتا ہے،چار مئی کو سب لوگ اکٹھے ہوکر مینار پاکستان پر لوڈ شیڈنگ اور پانامہ معاملے پر احتجاج کیلئے آئیں گے، اگر کسی نے کارکنوں کیساتھ بد سلوکی کی تو یاد رکھے ہمارا راستہ مارشل لاوالے بھی نہیں روک پائے تھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم 4مئی کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا نیا نام رکھیں گے کیونکہ انہوں نے لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے پر خود ہی اپنا نام بدلنے کی خواہش کی تھی ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو مقروض کیا تو آپ تھوڑا سچ بھی بول لیں کہ آج ہر بچہ ڈیڑھ لاکھ کا مقروض آپ نے کیا ہے، آپ جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو اس کے ریکارڈ کوآگ لگ جاتی ہے، تاکہ کرپشن نہ پکڑی جاسکے۔