پانامہ کیس کا فیصلہ اگر وزیر اعظم کی حمایت میں آئے تو عاجزی، خلاف آنے کی صورت میں قوم کو متحد رکھیں : چوہدری نثار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ حمایت آئے تو وزیر اعظم کو عاجزی و انکساری کا مظاہر ہ کریں وہ یقینا ایسا ہی کریں گے کیوں کہ نواز شریف شریف النفس شخصیت ہیں مگر دوسری جانب اگرفیصلہ مسلم لیگ یا وزیر اعظم کی مخالفت میں آتا ہو تو یہ وزیر اعظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قوم کو متحد رکھیں اور نادان مشیروں کے حکم پر لوگوں کی گردنیں اتارنا شروع نہ کردیں۔
فوجی پس منظر پر فخر اور جرنیلوں سے قریبی تعلقات کے باوجود کبھی سویلین اتھارٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا :چوہدری نثار علی خان
اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ نواز شریف اسے برا سمجھے یا نہ سمجھیں وہ صاف بات کررہے ہیں، قوم اور پارٹی نے انہیں جتنا کچھ دیا ہے کسی اور نہیں دیا۔ انہیں صرف اپنا نہیں بلکہ ملک کا تحفظ کرنا ہے۔ میاں صاحب اگر ہم ہارے بھی تو قوم کو یکجا کریں اور آپ اس میں کسی قسم کے انتشار کا موجب نہ بنیں، میرا سب سے بڑا مقصد پارٹی کو قائم و دائم رکھنا ہے جب کہ اس وقت گہرے بادل پاکستان کے ارد گرد منڈلا رہے ہیں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو یکجا ہونا پڑے گا۔ سیاسی پارٹیوں اور قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ ہمیں سپریم کورٹ کا فیصلہ سب کو قبول کرنا ہوگا۔ نواز شریف فیصلہ آنے پر اپنے آس پاس موجود ساتھیوں کے مشورے پر عمل نہ کریں۔