تعلیمات نبویؐ اپنا کر منفی سوچ کی حامل قوتوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ،ماہ مبارک میں اپنے اردگرد موجود بے سہارا، مستحق افراد کی مدد کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے:وزیر اعظم نواز شریف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر اپنے پیغام میں تمام اہل اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں ایک بار پھر ماہ مبارک کی برکات سے مستفید ہونے کا موقع دیا ہے میری دعا ہے کہ ہم سب کی زندگی میں اسطرح کے مبارک مواقع بار بار آتے رہیں اللہ ہمیں اپنے مہمان کی اس شایان شان قدردانی کی توفیق دے۔
انہوں نے کہا کہ روزہ عبادت کے ساتھ ساتھ طرز زندگی بھی ہے، روزہ تقوی پیدا کرنے کے ساتھ زندگی میں نظم و ضبط بھی دلاتا ہے ،اللہ کا بندہ روزے میں خود کو اس کام سے روکتا ہے جسکی عام دنوں میں اجازت ہوتی ہے ،ماہ مبارک میں اللہ انسان کو مشکلات کا بہادری سے مقابلے کی قوت عطا کرتا ہے ، روزہ غیر معمولی حالات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا سکھاتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ روزہ ہمیں معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کرنے کا سبق دیتا ہے ،روزہ معاشرے کو صحتمند پاکیزگی اور باہمی محبت سے بھرپور بنانے کا سبق دیتا ہے ، روزہ محض بھوک ، پیاس کا نہیں تزکیہ نفس کا نام ہے ،ماہ مبارک میں اپنا احتساب کرتے ہوئے متنبہ رہنا ہے کہ کیسے نفس کے حملوں سے محفوظ رہا جائے ؟ہم وطنوں سے درخواست ہے کہ اپنے اندر اتحاد، اتفاق ، برداشت اور رواداری پر مبنی اعلٰی صفات پیدا کریں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تعلیمات نبویﷺ کو اپنا کر ہر قسم کی منفی سوچ کی حامل قوتوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں ،اعلٰی اخلاقی اقدار کو زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے ،ماہ مبارک میں اپنے اردگرد موجود بے سہارا اور مستحق افراد کی مدد کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے، دُعا ہے اللہ تعالی ہمیں خود احتسابی کے جذبے کے ساتھ روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔