الفتح سٹور کے مالک نے تحریک انصاف نے شمولیت اختیار کی تو اگلے ہی دن اس کا سٹور بند کروا دیا گیا:عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ الفتح سٹور کے مالک نے تحریک انصاف نے شمولیت اختیار کی تو اگلے ہی دن اس کا سٹور بند کروا دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الفتح سٹور کے مالک نے جب پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تو اس سے اگلے ہی روز سٹور بند کروا دیا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ جس نے مجھے دس ارب روپے کی آفر کے بارے میں بتایا میں اس کیلئے سب سے پہلے عدالت میں جا کر پروٹیکشن لوں گا اور پھر بتاﺅں گا کہ دبئی میں کون سا بینک ہے جس نے آفر کی ہے اور مجھے لگتاہے کہ اس میں آپ کے کئی اور رشتہ دار بھی پھنس جائیں گے ۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے لبرٹی میں واقع الفتح سٹور آگ لگنے کے باعث بند ہو گیاتھا اور اس میں موجود کروڑوں روپے کا سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیاتھا تاہم اسی دوران الفتح کے مالک ایم ایم عالم روڈ کے قریب نئی بلڈنگ بھی تیار کروا رہے تھے لیکن ان کے اس سٹور میں آ گ لگ گئی ۔آگ لگنے کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق سٹور میں آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی ۔