مسئلہ کشمیر پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے ارکان پارلیمنٹ کو ایلچی مقرر کرنا وزیر اعظم کا خوش آئند اقدام ہے :حافظ محمدسعید
سیالکوٹ(نیوز ڈیسیک )جماعت الدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیری اپنی آزادی اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر اوربھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لئے ارکان پارلیمنٹ کو ایلچی مقرر کرنا خوش آئند ہے، بھارتی فوج نے ظلم و ستم کی انتہا کر کے کشمیریوں کا زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے مگر تمام تر وسائل جھونکنے اور ظلم و تشدد کے باوجو انڈیا مظلوم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو کچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکا کشمیریوں کی جدو جہد، استقامت اور جرأت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں جو قومیں قربانیاں پیش کرتیں ہیں آزادی انہی کا مقدر ہوتی ہے، آج کشمیری تنہا نہیں پوری پاکستانی قوم ان کیساتھ ہے ہمارا کشمیر ی مسلمانوں کے ساتھ کلمہ کا رشتہ ہے ۔
مرکز ام القریٰ سیالکوٹ میں ضلعی و تحصیلی ذمہ داران و کارکنان کی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر محض ایک علاقائی مسئلہ نہیں اور نہ ہی وہاں زمین کے ایک ٹکڑے کی جنگ لڑی جارہی ہے،بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نہتے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سخت ترین کرفیو کے باوجود کشمیری عوام ہر قسم کی پابندیوں کو پاؤں تلے روند کر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں،وہ صبر و استقامت کا پہاڑ بن کر بھارتی افواج کی بد ترین ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے ،محض ظلم و دہشت گردی کے بل بوتے پر وہ مظلوم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو گا، کشمیری عوام اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنی زندگیاں قربان کر رہے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے مظاہروں میں زخمی ہونے والے نوجوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں اور ان کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں،مودی سرکار کی سرپرستی میں بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے،شہداء کے جنازوں پر فائرنگ اور فرضی جھڑپوں کے ذریعہ بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداربین الاقوامی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی،سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں بھرپور آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں اور مشکل وقت میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، تحریک آزادی کشمیر جلد ان شاء اللہ اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی اور وہ وقت دور نہیں کہ جب بھارت کو اپنی آٹھ لاکھ فوج کشمیرسے نکالنا پڑے گی اورمظلوم کشمیری عوام آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔