مسلم لیگ ن کا پاناما فیصلے پر عملدر آمد کا فیصلہ ، قبولیت پر تحفظات ہوں گے: وفاقی وزرا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن نے پاناما کیس کے فیصلے پر مکمل عملدر آمد کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم فیصلے کی قبولیت پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاناما فیصلے سے پہلے وزیر اعظم کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاﺅس میں پارٹی کا اہم ترین اجلاس ہوگا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے وفاقی وزرا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاناما فیصلے سے پہلے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں اہم ترین فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کیس کا فیصلہ وزیر اعظم ہاﺅس میں ہی سنیں گے اور وہ مطمئن ہیں اور انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کے حق میں فیصلہ آئے گا۔
وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا اس پر عملدر آمد کرایا جائے گا لیکن قبولیت پر تحفظات ہوں گے، جو بھی فیصلہ آئے کوشش ہوگی کہ پارلیمنٹ 2018 تک اپنی مدت پوری کرے، وزیر اعظم کی نا اہلی کی صورت میں پانچ سے سات نام ہیں جن میں سے ایک پر غور کیا جا سکتا ہے۔