بنی گالہ اور لال حویلی دو ر نہیں ،رائیونڈ کا رخ کیا گیا تو پی ٹی آئی کے کسی لیڈر کا گھرمحفوظ نہیں رہے گا : عابد شیر علی
فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اگر ہمارے لیڈر کے گھر کا محاصرہ کیا گیا تو ہم بھی اپنے کارکنوں کو نہیں روکیں گے ، بنی گالہ اور لال حویلی ہمارے کارکنوں سے دور نہیں ۔ملک کو سیف ہیون بنائیں گے ، حکومت اور قوم کو پاک فوج پر فخر ہے ۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ کا رخ کیا گیا تو پی ٹی آئی کے کسی لیڈر کا گھر محفوظ نہیں رہے گا،عمران خان کو اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہئیے، عمران خان کاکے پی کے کو ماڈرن صوبہ بنانے کاپول کھل چکا ہے، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستانی قوم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کے ساتھ ہیں ،عمران خان چاہئے اسے دھاندلی ہی سمجھ لیں مگر 2018 کے انتخابات بھی مسلم لیگ نواز ہی جیتے گی اور نوازشریف دوبارہ ملک کے وزیر اعظم بنیں گے ۔
انہوں نےکہا کہ کے پی کے میں عمران خان کی حکومت ہے اس لئے وہاں چوہوں کا عذاب آیا ہوا ہے ، عمران خان دھرنوں سے دھرنیوں پر آگئے ہیں تاہم اب مسلم لیگ کے کارکن عمران خان کی گالیوں کو برداشت نہیں کریںگے اور گالی کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا،جہانگیر ترین شہباز شریف کے پائلٹ ہوتے تھے ، کچھ لوگوں نے دس سال مشرف کیساتھ حکومت کی ۔