لیاری گینگ وار کا سرغنہ عزیر بلوچ پکڑا گیا،90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے گینگ وار کے سرغنہ سرغنہ عزیر جان بلوچ کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے عزیزبلوچ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت سے تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت 90 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی گئی جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے عزیر بلوچ کو نوے روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیاہے ، عدالت نے عزیر بلوچ سے تفتیش کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کی اجازت بھی دیدی ہے۔جے آئی ٹی عزیر بلوچ سے 56 مقدمات میں عزیر بلوچ سے تفتیش کرے گی اور رپورٹ تیار کرے گی جس کی بنیاد پر عزیر بلوچ کیخلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران عزیر بلوچ کوجمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی کے مضافاتی علاقے سے حراست میں لیا گیا جب وہ کراچی میں داخل ہونے کی کوشش میں تھا ۔ عزیر بلوچ لیاری گینگ وار کا مرکزی کردار ہے اور اس پر کراچی کے علاقے لیاری کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت 56 سے زائد مقدمات درج ہیں۔عزیر بلوچ 2013 میں حکومت کی جانب سے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے پر بیرون ملک فرار ہوا تھااوروہ ایران کے راستے مسقط اوردبئی جاکر کاروبار کی نگرانی کرتا رہا ہے۔کچھ عرصہ قبل بھی خبریں آئی تھیں کہ عزیر جان بلوچ کو دبئی میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔