گدھا گاڑی ٹکرانے کا جرم، جرگہ نے محنت کش بھائیوں کو منہ میں جوتا دبا کر وڈیرے سے معافی مانگنے پر مجبور کردیا
نوشہرو فیروز (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں جرگے نے وڈیرے کی گاڑی سے گدھا گاڑی ٹکرانے پر 2 مزدور بھائیوں کو منہ میں جوتا لے کر معافی مانگنے پر مجبور کیا گیا جبکہ پولیس نے اس واقعہ پر تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ایک ماہ قبل نوشہرو فیروز کے قریبی گاو¿ں میں 2 محنت کش بھائی اپنی گدھا گاڑی پر جا رہے تھے کہ سامنے سے آتے ہوئے مقامی وڈیرے محمد بخش موریجو کی گاڑی سے ان کی ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔ مقامی وڈیرے کی طبیعت پر محنت کشوں کی یہ گستاخی انتہائی ناگوار گزری اور اس نے موقع پر ہی دونوں بھائیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔ غریب محنت کشوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بھی منہ زور وڈیرے کا جی نہ بھرا اور اس نے دونوں بھائیوں کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے جرگہ بلالیا۔ جرگہ میں شامل بیمار ذہنوں اور بدترین منصفوں نے فیصلہ کیا کہ دونوں محنت کش بھائی منہ میں جوتا دبائیں اور وڈیرے کے پاو¿ں پکڑ کر سب کے سامنے اس سے معافی مانگیں۔ بے بس اور لاچار بھائیوں نے وڈیرے سے جرگے کے فیصلے کے مطابق معافی مانگ لی جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہے۔ دوسری طرف پولیس کی جانب سے انسانیت کی تذلیل کا واقعہ پیش آنے پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔