تحریک انصاف کی جنگ ایک کرپٹ اور مفلوج نظام کے خلاف ہے ،عمران خان عوام کی واحد امید ہیں :شاہ فرمان

پشاور

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جنگ ایک کرپٹ اور مفلوج نظام کے خلاف ہے،  ملک بھر میں ایک شفاف اور بد عنوانی سے پاک نظام کی تشکیل کے بغیر ترقی و خوشحالی کا راستہ طے نہیں ہو سکتا ہے، فضل الرحمن اور اسفند ولی ملک کے سب سے بڑے کرپشن سیکنڈل پاناما لیکس پر خاموش کیوں ہیں ؟۔

 بڈھ بیر کے علاقہ ماشو گگٹھر میں ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور  صوبائی وزیر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ خود کو عوام کا لیڈر کہنے والے اور خیبر پختونخوا کے ٹھیکیدار بننے والے مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی ملک کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل پانامہ لیکس پر خاموش کیوں ہیں؟تحریک انصاف اس وقت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے عوام میں شعور اجاگر کیا اور ایک کرپٹ نظام کے خلاف صف آرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں عمران خان عوام کی واحد اور آخری امید ہیں جو  اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر چوروں اور لٹیروں کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں ، تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے صوبہ میں ایک ایسی طرز حکمرانی قائم کی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،پانچ پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے اس صوبے کو تباہی کی طرف دھکیل دیا تھا لیکن تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے برسراقتدار آتے ہی ایسے قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں کہ جن کی بدولت صوبے میں امن کی بحالی اور ترقی کا سفر شروع ہوا ہے،موجودہ صوبائی حکومت نے پارٹی کارکنوں اور سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کر میرٹ اور انصاف پر عوام کو ملازمتیں فراہم کی ہیں اور صوبہ میں بلا امتیاز ترقیاتی اقدامات شروع کئے ہیں ۔