زیرالتواء کیسز نمٹانے کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے ،انصاف کی فوری اور بروقت فراہمی عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے: چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے ماتحت عدلیہ کے ججز پر زور دیا ہے کہ وہ زیرالتواء کیسز نمٹانے کی رفتار کو مزید تیز کریں تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں دقت اور دیر نہ ہو، انصاف کی فوری اور بروقت فراہمی عدلیہ کی اولین اور سب سے اہم ذمہ داری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ماتحت عدلیہ میں زیرالتوا کیسز کی رفتار کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالتوں کے جج صاحبان زیرالتوا کیسز کو نمٹانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ ہو ، عدلیہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو استعمال کرے کیونکہ انصاف میں تاخیر سے انصاف کا حقیقی مقصد ختم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نظم وضبط رکھنے اور برائیوں وظلم وزیادتیوں کا خاتمہ صرف اور صرف فوری انصاف کی فراہمی میں پنہاں ہے، زیرالتوا کیسز کو نمٹانے کے ساتھ ساتھ ماتحت عدلیہ کے ججز کو اگر کوئی مسئلہ یا دقت درپیش ہے تو ان سمیت ہائی کورٹ کے جج صاحبان ودیگر اعلیٰ جوڈیشل آفیسران ان کی ہروقت رہنمائی کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ ماتحت عدلیہ کے ججز کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور معاشرے سے ظلم وزیادتیوں کے خاتمے کے لئے انصاف کی فوری فراہمی کو اولین ترجیح دیں۔