ایران سے واپس آنے والے سینکڑوں زائرین کا ناقص سکیورٹی پر شدید احتجاج
کوئٹہ (ویب ڈیسک) تفتان بارڈر پر ایران سے زیارت کرکے واپس آنے والے سینکڑوں زائرین نے سکیورٹی فراہم نہ ہونے کی وجہ سے قومی شاہراہ کو بلاک کرکے شدید احتجاج کیا بعد میں مقامی انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں سکیورٹی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ایران میں مذہبی مقامات کی زیارت کرکے واپس آنے والے تقریباً دو سو سے زائد زائرین نے انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کی عدم فراہمی پر تفتان گیٹ کے قریب پیدل مارچ کرتے ہوئے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ کو کلی سٹیشن کے قریب بلاک کرکے دھرنا دیا اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انتظامیہ انہیں سفر کے دوران سکیورٹی فراہم کریں روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے ہر ٹریفک معطل ہوگئی اور سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دہانی کرائی کے انہیں سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ سکیورٹی حصار میں کوئٹہ پہنچا دیا جائیگا جسکے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔