پولیس سب انسپکٹر کو گاڑی تلے کچلنے والے ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی عیاشیاں جاری ،گرمی سے بچنے کے لئے تھانے کے لاک اَپ میں ائیر کولر لگوا لیا
کوئٹہ:(ڈیلی پاکستان آن لائن)کوئٹہ میں ٹریفک وارڈن کو کچلنے کے الزام میں گرفتار ایم پی اے عبد المجید اچکزئی پرپولیس کی کرم نوازیوں کاسلسلہ تھانے میں بھی جاری ،وی وی آئی پی پروٹوکول اور شاہانہ ٹھاٹ بھاٹ ،گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے تھانے کے لاک اَپ میں ائیر کولر لگوا لیا ۔
نجی ٹی وی چینل ’’ابتک نیوز ‘‘ کے مطابق عید سے چند روز قبل جی پی او چوک کوئٹہ پر دوران ڈیوٹی اپنے فرائض سرانجام دینے والے سب انسپکٹر حاجی عطا اللہ کو بلوچستان اسمبلی کے رکن عبد المجید اچکزئی نے اپنی تیز رفتار گاڑی تلے کچل کر شدید زخمی کر دیا تھا جو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گئے تھے ،پولیس نے طاقتور ایم پی اے کو بچانے کے لئے پہلے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا لیکن بعد ازاں میڈیا میں اس کیس کی باز گشت نے شدت اختیار کی تو عبد المجید اچکزئی کے خلاف نامزد ایف آئی آر کاٹی گئی ،بے لگام اور طاقت کے نشے میں بدمست ایم پی اے عبد المجید اچکزئی نے کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے خلاف بھی بد زبانی کی اور دھمکیاں دیتے رہے ،اب 5 روزہ ریمانڈ پر تھانے کے لاک اَپ میں بند عبد المجید اچکزئی کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے پولیس متحرک نظر آتی ہے ،جس کے باعث بے گناہ ٹریفک پولیس سب انسپکٹر کے قاتل ایم پی اے کے ٹھاٹ باٹ تھانےمیں بھی کم ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔لاک اپ میں موجود بلوچستان اسمبلی کے رکن کے لئے پولیس نے ائیر کولر لگوا دیا ہے جہاں اب وہ گرمی سے محفوظ رہ سکیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ عبد المجید اچکزئی کو پولیس لاک اَپ میں ہر طرح کی سہولتیں میسر کر دی گئیں ہیں ۔