ایان علی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، سماعت 15 ستمبر تک ملتوی
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) کرنسی سمگلنگ کیس میں ضمانت پر رہا ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔کسٹم عدالت نے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔تفصیلات کے مطابق ایان علی کوکسٹم عدالت میں پیش کیا گیا۔کسٹم حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ چالان ابھی نامکمل ہے جس پر عدالت نے ہر صورت میں چالان مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ایان علی کے وکیل سردا ر لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کا غلط استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ کسٹم والوں کے خلاف ان کے موکل کو غلط ثابت کرنے کے لئے کوئی ثبوت نہیں ۔انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایان علی مشہور ماڈل ہیں ان سے نرمی برتی جائے ۔عدالت نے گواہان اویس اور ممتاز کے بیانات اور آئندہ پیشی پر چالان مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی۔