ایفیڈرین کوٹہ کیس ،علی موسی گیلانی سمیت بارہ ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک ) راولپنڈی کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں مخدوم شہاب الدین اور افتخار بابر کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر علی موسی گیلانی سمیت تمام 12 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج اختر بہادر نے علی موسیٰ گیلانی اور مخدوم شہاب الدین سمیت 12 ملزمان کے خلاف ایفیڈرین کوٹہ کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے مخدوم شہاب الدین اور افتخار بابر کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضر ہونے کا حکم دیا، عدالت نے خبردار کیا کہ عدم حاضری پر ملزمان کی ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر علی موسیٰ گیلانی اور مخدوم شہاب الدین سمیت بارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم سناتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔