فیس بک پر خاتون کو بلیک میل کرنے کا مقدمہ ، عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

فیس بک پر خاتون کو بلیک میل کرنے کا مقدمہ ، عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیس بک پر خاتون کو بلیک میل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے ایف آئی اے کو مقدمہ کا چالان 20فروری کو پیش کرنے کا حکم دیاہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کے روبرو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ملزم فیصل ربانی کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم نے مدعی مقدمہ ذیشان رمضان کے نام سے فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر مدعی کی بیوی کو بلیک میل کیا اور غیر اخلاقی میسج بھی بھجوائے ۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایف آئی اے نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر ملزم کے گھر پر لگی انٹرنیٹ ڈیوائس، ٹیبلیٹ اور موبائل فون ریکور کرلئے ہیں اور ملزم سے مقدمہ کے حوالے سے مزید تحقیقات کرنے کے لئے مزید10روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے پہلے جسمانی ریمانڈ کے دوران کوئی ریکوری نہیں ہوئی اور نہ ہی تفتیش میں مزید کارروائی ہوئی ہے لہذا ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیس بک پر خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے ایف آئی اے کو ملزم کے خلاف مقدمہ کا چالان 20فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

مزید :

علاقائی -