ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، ختم نبوت کانفرنس

ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، ختم نبوت کانفرنس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(خصوصی رپورٹ)عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار قائد تحریک ختم نبوت مولانا خواجہ عزیزاحمد مرکزی نائب امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے یہاں جامع مسجد ہاجرہ یعقوب اقرأ روضۃ الاطفال اعوان مارکیٹ چونگی امرسدھو فیروز پور روڈ لاہور میں سالانہ عظیم الشان، تاریخ سازتحفظ ختم نبوت کانفرنس کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ قادیانی ملکی آئین کو نہیں مانتے جوآئین پاکستان کو تسلیم نہ کرے اسے پاکستان کے کسی اہم عہدے پر رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ،لہذا قادیانیوں کو ، کی پوسٹوں سے فی الفور الگ کیا جائے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا نے کہا کہ قادیانیت کو ریورس گیر لگ چکا ہے وہ دن دور نہیں جب پوری دنیا سے قادیانیت حرف غلط کی طرح مٹ جائے گی ،انہوں نے کہ کہا اس وقت قادیانی دووجہ باقی ہیں اپنے پروپیگنڈا کی وجہ سے یا مسلمان حکمرانوں اور افسروں کی ناز برداری اور قادیانیت نوازی کی وجہ سے۔متحدہ جمعیۃ اہلحدیث کے روح رواں مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ قادیانیوں کی ہمدردیاں ہمیشہ سامراجی مقاصد کی تکمیل کے ساتھ رہی ہیں آج بھی قادیانیوں کی ہمدردیاں امریکی سامراج کے ساتھ ہیں قادیانیت کے تعاقب کے لیے ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت صوبہ خیبر پختونخواہ کے امیر مولانا مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کا پوری دنیا میں بھرپواورپرامن اندازمیں تعاقب جاری ہے اور جب تک روئے زمین پر ایک بھی قادیانی موجود ہے ہماری پرامن تحریک جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کا مشترکہ فارم ہر مسلمان کے لیے ہر وقت حاضر ہے اکابرین کی سرپرستی میں دین کا کام کرنا انتہائی ضروری ہے۔جمعیۃ علماء اسلام س کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہرقادیانیوں کی ملک وملت کے خلاف سرگرمیوں کا تعاقب کرتے رہیں گے۔بریلوی مکتب فکر کے رہنما مولانا سید مفتی عاشق حسین نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ تمام مکاتب فکر کے درمیان نکتہ اتحاد ہے مسلمانوں کا جب بھی آپس میں کوئی اختلاف ہو جاتا ہے تو سرور کائناتؐ کی ذات گرامی اپنی وصف خاص تحفظ ختم نبوت کے عنوان پر متحد کردیتی ہے۔ممتاز عالم دین مولانا عبدالحق خان نے کہا ممتاز حسین قادری کو تختہ دار پر لٹکائے جانے کے قصوروار حکمران ہیں جو بین الاقوامی سامراج کو خوش کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرتے رہتے ہیں ناموس رسالت پر حملہ کرنے والے سینکڑوں مجرم جنہیں اعلی عدالتیں سزائے موت دے چکی ہیں ان پر عمل درآمدکیوں نہیں ہوتا؟۔اگر عدالت کے فیصلے پر ممتاز قادری کو سزا دے جانے والی سزائے موت پر عمل درآمد ہوسکتا ہے توگستاخان رسول کے خلاف فیصلوں پر عمل درآمد میں کیا رکاوٹ ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کے امیر اور مرکزی شوریٰ کے ممبر مولانا مفتی حسن نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کا کام قیامت والے دن حضور ؐ کی شفاعت کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے اللہ اپنے چنیدہ بندوں سے تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا کام لیتا ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی نے کہا کہ گستاخان رسول کیخلاف اعلی عدالتوں کے فیصلوں پر فی الفور عمل کیا جائے اور آسیہ مسیح کے کیس کا جلد ازجلد نمٹاکر اسے تختہ دار پر لٹکایا جائے ۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت سرگودھا کے امیر مولانا نورمحمد ہزاروی ،بریلوی مکتب فکر کے ممتاز عالم دین مولانا غلام حسین کلیالوی،وفاق المدارس العربیہ لاہور ڈویژن کے مسؤل مولانا مفتی عزیزالرحمن ،مجلس کے ناظم نشرواشاعت مولانا عزیزالرحمن ثانی ،جامعہ عبداللہ بن عمر کے ناظم اعلیٰ مولانا عتیق الرحمن اور دیگر متعدد علماء کرام نے خطاب کیا۔کانفرنس رات گئے تک جاری رہی اور سامعین پورے جوش وجذبے کے ساتھ ختم نبوت زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے پنڈال کی رونق بنے رہے۔

ختم نبوت کانفرنس

مزید :

علاقائی -