مہاجروں کی ارفع تہذیب سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کی گئی،آفاق احمد

مہاجروں کی ارفع تہذیب سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کی گئی،آفاق احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                         کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر اعلیٰ و ارفع اور طاقتور تہذیب کے امین تھے جسے سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کیا گیا ہے،آج جوبے راہ روی کا طوفان برپا ہے تو اسکی وجہ اپنی روایات سے دوری ہے،میں پھر اسی دور کی واپسی کیلئے جدوجہد کررہا ہوں کہ جس میں بزرگوں کا احترام اور بہن بیٹیوں کی عزت و تکریم کی جاتی ہو۔خواتین ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ ”ماں کی گود اولاد کی پہلی درس گاہ ہوتی ہے“آج اس قوم کے معصوم بچوں کو ماں کی گود یعنی پہلی درس گاہ سے محروم کردیا گیا ہے ،میری قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں جو گھر کی چار دیواری میں تحفظ کے احساس کے ساتھ زندہ تھیں آج گھر کی چہار دیواری سے باہر نکلنے ،فیکٹریوں میں مزدوری کرنے اور غیروں کی شیطانی نظروں کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں جبکہ میری قوم کا نوجوان کہ جسے اپنے بوڑھے والدین کا سہارا اوراپنی بہنوں کی عزت و حرمت کا محافظ ہونا چاہئے تھا ۔آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کو قتل و غارت کی بھینٹ چڑھانے والے عیش کررہے ہیں جبکہ کراچی کا نوجوان قاتل اور مقتول کی بدترین سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہکہ میری قوم کا ہردوسرا شخص مجھ سے سوال کرتا ہے کہ ظلم کی سیاہ رات کب ختم ہوگی تو میرا جواب ہے ”جلد بلکہ بہت جلد“،ہمارے عزم و حوصلہ میں کمی ہے نہ جوش میں ،ہمارے ارادے آج بھی جوا ن جبکہ عزم غیر متزلزل ہے ،تاخیر کی وجہ تصادم سے بچنے کی ہرممکن کوشش ہے کیونکہ نقصان اِدھر ہو یا اُدھر دونوں طرف سے میرا ہی ہوگا کیونکہ میری قوم کا ہرنوجوان چاہے وہ بھٹکا ہوا ہی کیوں نہ ہو میرا ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ ظلم و بربریت کے سامنے سر جھکایا نہ کسی کو ترغیب دی،تحریر و تقریر اور دلائل کی سیاست کررہے ہیں اور دوسروں کو بھی اسکی دعوت دیتے ہیں کہ قوم کے بہتر مستقبل کیلئے خون خرابے کی سیاست بند کی جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی باہر سے نہیں آئے گا ،مہاجر مرد و خواتین کو سپاہی بن کر تعلیم کو اپنا ہتھیار بنانا ہوگا،آپ کو خود اپنے پیروں پر کھڑے ہوکرایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اپنے تمام مسائل خود حل کرنے ہونگے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب مہاجر قوم کا ہر فرد ایک دوسرے کا سہارا بنے اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو راہ راست پر لانے کیلئے میرا پیغام جوکہ ترقی و خوشحالی کا پیغام ہے سینہ بہ سینہ ،گھر گھر پہنچایا جائے۔

مزید :

علاقائی -