پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی اور پنجاب میں شیڈو کابینہ کی تشکیل کیلئے دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور

پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی اور پنجاب میں شیڈو کابینہ کی تشکیل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی اور پنجاب میں شیڈو کابینہ کی تشکیل کے لئے دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظورکر تے ہوئے اس پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا ۔فاضل جج نے عدالت عالیہ کے دفتر کو ہدایت کی ہے کہ یہ درخواست سماعت کے لئے عدالت میں پیش کی جائے ۔درخواست گزار پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے راہنمامحمودالرشید کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پنجاب اسمبلی کے موجودہ رولز آف بزنس کے تحت شیڈو کابینہ کی تشکیل نہیں کی جا سکتی۔شیڈو کابینہ کی تشکیل نہ ہونے سے صوبے کے حکومتی،نیم حکومتی اور خود مختار اداروں کی نگرانی کے لئے قائم پبلک اکاونٹس کمیٹیاں غیر فعال ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیر فعال پبلک اکاونٹس کمیٹیوں کی بنا پر اداروں میں ہونیوالی کرپشن،اختیارات کے ناجائز استعمال کو نہیں روکا جا سکتا جو کہ حکومتی خزانے پر بوجھ اور اداروں کی تباہی کے مترادف ہے۔لہذا پبلک اکاونٹس کمیٹیوں کو فعال کرنے کے لئے برطانوی پارلیمانی نظام کی طرز پر پنجاب میں شیڈو کابینہ بنانے کے احکامات صادر کئے جائیں اورپنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس میں مناسب ترامیم کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے عائدکردہ بے بنیاد اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لئے منظور کیا جائے.جس پر عدالت نے درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔

مزید :

علاقائی -