امام عالی مقام کا یہ پیغام پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے :ممنون حسین ،نواز شریف
اسلام آباد(آئی این پی) صدر ممنون حسین نے کہاہے کہ10؍ محرم الحرام کا دن تاریخ اسلام ہی نہیں بلکہ عالمی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کیوں کہ اس روز نواسۂ رسولؐ اور ان کے خانوادے نے ایک عظیم مقصد کے لیے عظیم قربانی پیش کی تھی۔یہ دن ہمیں اہلِ بیتِ عظام پر بیتنے والے حادثۂ جانکاہ کی یاد ہی نہیں دلاتا بلکہ یہ سبق بھی دیتا ہے کہ جب نظریہ اور مقصد خطرے میں پڑ جائے تو اس کے سامنے کسی چیز کی اہمیت نہیں رہتی۔یوم عاشور1438ھ بمطابق12اکتوبر2016ء کے موقع پرپیغام میں کہاکہ یہ عظیم دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب اسلام کی آفاقی اقدار نظر انداز ہو جائیں اور ذاتی مفادات اہمیت اختیار کرجائیں تو اس کے نتیجے میں سماجی انصاف خطرے میں پڑجاتا ہے ۔اس لیے امام عالی مقامؓ اور ان کے خانوادے کی قربانی کی یاد مناتے ہوئے ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہئے کہ اس جدوجہد کا واحد مقصد رضائے الٰہی کا حصول تھا،اس لیے ضروری ہے کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے اسوۂ شبیریؓ سے رہنمائی حاصل کی جائے۔اس عظیم قربانی کا ایک اور اہم مقصد یہ بھی تھا کہ مسلمانوں کو تقسیم ہونے سے بچا کر متحد کردیا جائے ۔ہم آج بھی اس عظیم قربانی سے روشنی حاصل کر کے شدت پسندی اور بیرونی جارحیت جیسے خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔وزیر اعظم نوازشریف نے کہاہے کہ عاشورہ محرم ہمیں واقعہ کربلا کی یاد دلاتا ہے ، کربلا میں حق وصداقت کا علم بلند رکھنے کے لئے امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے ظلم و جبر کی اطاعت کرنے کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیااور دْنیا کو یہ سبق دیا کہ حریت ایک بنیادی حق ہے جو دین اسلام کی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔یوم عاشور 1438 ھ بمطابق 12 اکتوبر2016 ء) کے موقع پر پیغام اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ حق کی حفاظت کرنا اپنی جان کی حفاطت کرنے سے زیادہ ضروری ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو نواسہ رسولؐ کی شہادت سے ہمیں ملتا ہے۔ تاریخ عالم میں ایسی قربانی اور استقامت کی کوئی مثال موجود نہیں۔ امام عالی مقام کا یہ پیغام پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔وطن عزیز پاکستان ایسے ہی اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لئے حاصل کیا گیا تھا جن کی خاطر خاندانِ رسالت نے بارگاہ حق میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کی تھی ۔ آج کے دن ہمیں فروعی،مسلکی،لسانی اور صوبائی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور اپنے اندرمساوات،رواداری، نظم و ضبط اور قربانی دینے والے اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔ واقعہ کربلا سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے اور اس پر عمل کرنے سے ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں۔ آج پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی زیادہ ضرورت ہے تاکہ کوئی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو 150 آمین۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ واقعہ کربلا حق و صداقت کی سر بلندی کیلئے عظیم قربانی کا بے مثال واقعہ ہے ‘واقعہ کربلا سے یہ حقیقت ثابت ہوتی ہے کہ اقتدار، دولت اور طاقت انسانی عزت اور عظمت کے معیار نہیں دلوں پر حکمرانی صرف حق و صداقت کی پیروی سے ہی ممکن ہے۔اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے واقعہ کربلا کو یاد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ امام حسینؑ کی قربانی قیامت تک حق و صداقت کی آواز بن کر تمام انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ واقعہ کربلا سے یہ حقیقت ثابت ہوتی ہے کہ اقتدار، دولت اور طاقت انسانی عزت اور عظمت کے معیار نہیں دلوں پر حکمرانی صرف حق و صداقت کی پیروی سے ہی ممکن ہے۔سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کربلا حق و صداقت کی سر بلندی کیلئے عظیم قربانی کا بے مثال واقعہ ہے اور انسانی تاریخ میں ایسی لازوال قربانی کی کوئی نظیر نہیں ملتی تاہم یوم عاشور حق و باطل میں تمیز کرنے اور باطل کو چھوڑ کر حق کی راہ اپنانے کی دعوت دیتا ہے اور واقعہ کربلا میں یزید نے جھوٹ، فریب اور ظلم کا راستہ اختیار کر کے اپنے لئے دائمی ملامت خریدی جبکہ امام حسینؓ صداقت اور شجاعت کی راہ اپنا کر ہمیشہ کیلئے امر ہو گئے۔سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ یوم عاشور ہمیں ہمارے دین حق کی سچائی اور سر بلندی کا ابدی پیغام دیتا ہے اور اس پیغام پر کاربند ہو کر ہی ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں