بھارت پانامہ موجودہر اکاؤنٹ کی تحقیقات کرے گا : ارون جینٹلی
نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ بھارت پاناما پیپرز میں موجود ہر اکاؤنٹ کی تحقیقات کرے گا لیکن پڑوسی ملک پاکستان کی طرز پر نہیں جہاں پہلے نااہل قرار دیا جاتا ہے اور ٹرائل بعد میں شروع کیا جاتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق راجیہ سبھا میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے پوچھا گیا کہ پاناما پیپرز میں شامل بھارتیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کب کیا جائے گا؟ اس پر ارون جیٹلی نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا اپنا قانون ہے،ہمارا نظام پڑوسی ملک جیسا نہیں ہے جہاں پہلے نااہل قرار دیا جائے اور پھر ٹرائل شروع کیا جائے۔راجیہ سبھا سے اپنے خطاب کے دوران ایک اہم بیان دیتے ہوئے بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ حکومت پاناما پیپرز میں موجود ہر نام اور اکاؤنٹ کے بارے میں تحقیقات کا ارادہ رکھتی ہے اور یہ ضرور ہونگی لیکن مکمل چھان بین سے قبل کسی کو سزا نہیں دی جائے گی۔