بھارت میں گھوڑے پر بیٹھے دلہا کو بھی ہیلمٹ پہننا پڑ گیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)موٹرسائیکل چلاتے ہوئے تو ہر کسی کو ہیلمٹ پہننا پڑتا ہے لیکن بھارت میں گھوڑے پر بیٹھے دلہا کو اس وقت ہیلمٹ پہننا پڑ گیا جب گاؤں کے چند شرپسندوں نے بارات پر پتھروں سے حملہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک گاؤں میں نچلی ذات ’’دلت‘‘سے تعلق رکھنے والادلہاجب اپنی دلہن کو بیاہنے اس کے گاؤں پہنچا تو گاؤں کی اونچی ذات والے ہندوؤں نے بارات پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ پتھراؤ سے 4باراتی شدید زخمی ہو گئے جبکہ دلہا نے ہیلمٹ پہن کر اپنے چہرے کو زخمی ہونے سے بچایا، بارات کو پنچایت کی عمارت میں پناہ گزین ہونا پڑا۔ دلہن کے چچا نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پرحالات پر قابو پایا اور16افراد کوگرفتار کر لیا۔ دلہن کے گھر والوں کی درخواست پر پولیس نے بارات کو اپنی حفاظت میں دلہن کے گھر پہنچایا جہاں پولیس کی حفاظت میں ہی شادی کی رسومات ادا کی گئیں۔