اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیخلاف کارروائی کی جائے،جاویدمحمود

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیخلاف کارروائی کی جائے،جاویدمحمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ارشد محمود گھمن)محتسب پنجاب جاوید محمود نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو حکم دیا ہے کہ محتسب آفس کے وقار کے منافی رویہ اختیار کرنے، اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے شکایت کنندہ کو دھمکیاں دینے اور خریداری کے عوض دکاندار کو یقین دہانی کے باوجودواجبات ادا نہ کرنے پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ ظفر اقبال بلوچ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور درخواست گزار کو اس کے واجبات دلوائے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولنگر کے رہائشی غلام سرور نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ ظفر اقبال بلوچ نے دو سال قبل 19ہزار روپے میں اس سے بیٹری اور یو پی ایس خریدا اور تین روز کے اندر ادائیگی کرنے کا وعدہ کیا لیکن اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل رقم کی ادائیگی کی بجائے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ محتسب پنجاب نے ایڈوائزر ڈسٹرکٹ بہاولنگر باسط عزیز خان کو انکوائری کی ہدایت کی۔ انکوائری کے دوران ملزم ظفر اقبال بلوچ نے رقم کی ادائیگی کیلئے مہلت طلب کی لیکن اگلی پیشی پر ہی نہ صرف اپنے سابقہ مؤقف سے منحرف ہو گیا بلکہ غیر مہذب رویہ اختیار کرتے ہوئے محتسب پنجاب آفس کے وقار کو بھی مجروح کرنے کی کوشش کی۔ محتسب پنجاب نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ملزم ظفر اقبال بلوچ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل پر ایک عدد یو پی ایس اور بیٹری خرید کر رقم ادا نہ کرنے اور شکایت کنندہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام ثابت ہو چکا ہے جبکہ ملزم کی جانب سے اختیار کیا جانے والا ہتک آمیز رویہ محتسب پنجاب آفس کے وقار کے منافی ہے۔ محتسب پنجاب نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو حکم دیا ہے کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ظفر اقبال بلوچ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور شکایت کنندہ کی رقم واپس دلوا کر ایک ماہ کے اندر تعمیلی رپورٹ محتسب آفس کو پیش کی جائے۔
جاویدمحمود

مزید :

علاقائی -