بی زیڈ یو کے شعبہ ڈاکٹر آف فزیو تھراپی کے طلبہ کو داخلے دلواکر پورٹ پیش کرنے کا حکم

علاقائی

لاہور(نامہ نگار خصوصی )بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے4ہزارسے زائدطلبہ کی ڈگریوں کے کیس میں لاہورہائیکورٹ کے فل بنچ نے شعبہ ڈاکٹرآف فزیوتھراپی کے طلبہ کولاہورکے تعلیمی اداروں میں داخلے دلواکر20 مارچ کوعمل درآمدرپورٹ پیش کرنے کاحکم دے دیا۔عدالت نے صوبائی وزیرزعیم قادری کے پیش نہ ہونے پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پرطلب کر لیاہے۔جسٹس سیدمظاہرعلی اکبرنقوی ،جسٹس مسعود جہانگیر اورجسٹس عاطرمحمود پر مشتمل فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پررجسٹرار بی زیڈیو ڈاکٹر مطاہر اقبال ، کنٹرولر امتحانات بی زیڈیو ملتان ڈاکٹر عمر چودھری ،ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن کے ساتھ پیش ہوئے۔ عدالت میں صوبائی وزیرزعیم قادری کے پیش نہ ہونے پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کوحکم دیا کہ انہیں پیش کیا جائے۔عدالت میں رجسٹراربہاؤالدین یونیورسٹی ڈاکٹرمطاہراقبال نے رپورٹ داخل کرواتے ہوئے بتایا کہ بی زیڈ یو لاہورکیمپس سے پاس ہونے والے 213 طلبہ کی ڈگریاں تیارہیں جن میں سے 204 ڈگریاں اور9ڈپلومے دستخط کے لئے چانسلرگورنرپنجاب کو بھجوائے گئے ہیں۔ جن میں سے365 طلبہ پراعتراض ہے کہ انہوں نے کمپری ہینسوامتحان نہیں دیا۔انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹنمٹ نے 684طلبہ کی این اوسی کے لئے فہرست دی ہے جس میں سے 45 طلبہ نے رابطہ کرکے این اوسی حاصل کیا ہے۔