جوڈیشل مجسٹریٹ نے شراب کے مقدمے میں دو ملزمان کی ضمانت منظور کر لی

علاقائی


لاہور(نامہ نگار) ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے شراب کے مقدمے میں ملوث دو ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار احمد کے روبروشادمان پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمے کا چالان پیش کیا، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزمان سے چیکنگ کے دوران شراب برآمد کی تھی،ملزمان کے پاس شراب لے جانے کا پرمٹ بھی موجود نہیں تھا،جبکہ ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،مخالفین نے پولیس کے ساتھ ساز باز کر کے مقدمے میں ملوث کیا ہے،ملزمان کی ضمانتیں منظور کی جائیں۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ملزمان سمیع مسیح اور فیصل عزیز کی 50،50ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔