فیکٹری ایریا ، ڈاکوؤں نے سیر کرنے والے خاندان کو لوٹ لیا ، مزاحمت پر میاں بیوی زخمی
لاہور(خبرنگار) فیکٹری ایریا کے علاقہ میں دوموٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے سیر کے لئے نکلنے والے خاندان کو لوٹ لیا۔مزاحمت پر میاں بیوی کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کالونی والٹن روڈ کا رہائشی بینک افسر محمد صدیق اپنی دوسری بیوی ثناء اور 8 سالہ بیٹی سائرہ کے ہمراہ والٹن روڈ پر سیر کر رہے تھے کہ اس دوران بوائز سکول کے سامنے دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے انہیں روک لیا اور آٹھ سالہ بچی کی کنپٹی پر پسٹل رکھ کر میاں بیوی کو نقدی و زیورات اور موبائل فون حوالے کرنے کو کہا جس پر میاں بیوی نے مزاحمت کی اور ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے صدیق اور اسکی بیوی ثناء کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا جبکہ بیٹی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ زخمی ہونے والے میاں بیوی کو جنرل ہسپتال میں داخل کروا دیا گیاہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ رات گئے تک ڈاکوؤں کا سراغ نہ لگایا جا سکا۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کا نہیں بلکہ کوئی خاندانی جھگڑا لگتا ہے کیونکہ ملزمان آٹھ سالہ بچی کو زبردستی چھیننے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور ناکامی پر ملزمان نے فائرنگ کی ہے تاہم اصل حالات زخمیوں کے بیانات لینے کے بعد سامنے آئیں گے۔