شاد باغ ،موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر، ایک شخص زخمی
لاہور(کرائم سیل)شادباغ کے علاقہ میں موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے مابین ٹکڑ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو ٹیم نے زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ شادباغ کے گاﺅں لکھو ڈیر کا رہائشی محمد نیاز اپنے بھائی 27سالہ سہیل کے ساتھ رنگ روڈ کی جانب جا رہا تھا،گاﺅں سے باہر نکلتے ہی مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے سائیڈ ماری جس کی وجہ سے وہ سڑک پر گر گئے اور کافی دور تک گھسٹتے چلے گئے۔راہگیروں نے انہیں سنبھالا ،حادثہ میں سہیل کو شدید چوٹیں آئیں اور اس کا سر پھٹ گیا جبکہ محمد نیاز کو چند جگہوں پر خراشیں آئیں اور وہ معجزانہ طور پر بچ گیا۔راہگیروں کی اطلاع پر ریسکیو 1122کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیاجبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔