فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنیوالے طیارے کو مار گرائیں گے ترک وزیر اعظم
استنبول(اے این این) ترکی کے وزیراعظم احمد داؤداوگلو نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی طیارے کو مار گرانے میں کسی قسم کے تامل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات شام کی سرحد سے متصل ایک نامعلوم ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے کے ایک روز بعد کہی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وسطی ترکی کے شہر قیصریہ میں حکمران جماعت "آق" کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے داؤد اوگلو کا کہنا تھا کہ 'گذشتہ روز ہم نے بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ ہم تحقیقات کررہے ہیں۔ اگر یہ فوجی طیارہ ہے تو ہم اس کا اسی انداز میں جواب دیں گے۔ ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ہر طیارے کا یہی انجام ہوگا۔خیال رہے کہ ترکی فضائیہ نے جمعہ کے روز شام کی سرحد کے قریب ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا وہ طیارہ شام کی جانب سے بھیجا گیا تھا یا کسی اور کا تھا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مار گرایا ڈرون روسی تھا، تاہم روس نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔
ترک وزیر اعظم