میو ہسپتال کے ہاسٹل سے مبینہ طور پر 2ڈاکٹروں کو اغوا کرلیا گیا

علاقائی

لاہور(خبر نگار)میوہسپتال کے ہاسٹل سے مبینہ طور پر دو ڈاکٹرز اغواء ہو گئے۔ گوالمنڈی پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عدنان اور ڈاکٹر جاوید احمد میوہسپتال میں ہاؤس جاب کرتے تھے اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں رہتے تھے۔ پولیس کے مطابق 15مارچ کی رات کو اچانک دونوں ڈاکٹرز لاپتہ ہو گئے ہیں، پولیس نے ہاسٹل کی انتظامیہ کی اطلاع پر 18 مارچ کو دونوں ڈاکٹرز کے والدین کو اطلاع دی اور گزشتہ رات پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، ڈی ایس پی گوالمنڈی مبین شریف کے مطابق لاپتہ ہونے والے دونوں ڈاکٹرز کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دونوں ڈاکٹرز کی موٹر سائیکلیں بھی سٹینڈ پر کھڑی ہیں۔ تاہم ان کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے جس کے بعد اصل صورتحال سامنے آئے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ میو ہسپتال کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے دونوں ڈاکٹر ایک خفیہ ادارے کی حراست میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں ڈاکٹروں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے تاہم اصل حقائق سامنے نہیں آ سکے ۔