بچہ بچہ مقروض ، ملک پھر بھی بدحال ، حکمران بتائیں رقم کہاں گئی :اتحاد اُمت کانفرنس

علاقائی

حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر+نمائندہ پاکستان) جماعت اسلامی پاکستان، ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ ، متحدہ جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی امیر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ محمدامین شہیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ثاقب اکبر، تحریک جوانان پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبد اللہ حمید گل اور دیگر مقررین نے جناح پبلک ہال حافظ آباد میں اتحاد اُمت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قوم کے بچے بچے کو غیر ملکی قرضوں میں جکڑ دیا ہے ، ہم پوچھتے ہیں قرضوں کی یہ رقم کہاں گئی۔ کرپٹ مافیا گزشتہ70سال سے قومی وسائل پر شبخون مار کر سرمایہ بیرونی بینکوں میں منتقل کررہا ہے جس کی مالیت 400ارب ڈالر ہے۔ اگر وہ تمام سرمایہ پاکستان آجائے تو نہ صرف قرضہ اُتر سکتا ہے بلکہ ڈیم، سڑکیں، سکول، ہسپتال اور شہریوں کیلئے گھر بن سکتے ہیں۔ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے تمام سرکاری ادارے اور دفاتر کرپشن کا گڑھ بننے سمیت تباہ و برباد ہو چکے ہیں۔ تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ نظام مصطفی کی سر بلندی کیلئے اسلام دشمن قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ آج ہمارے نظریہ،تعلیم،تہذیب،مساجد اور مدارس کو خطرات لاحق ہیں ہماری نئی نسل سے مسلم تہذیب،اسلامی و اخلاقی قدریں چھینی جا رہی ہیں ،اسلامی نظریہ کی حفاظت آج ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔ ہمیں سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سے کوئی اختلاف نہیں لیکن ذرائع ابلاغ اور آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی توہین رسالت ؐ اور توہین صحابہ کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ امریکہ ، انڈیا ڈالروں کے ذریعے نام نہاد مفتیوں کے ہاتھوں ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔سابق صدر پرویز مشرف قومی مجرم ہے ، جس نے نائن الیون کے بعد یو ٹرن لیا اور عافیہ صدیقی کو امریکہ کے ہاتھوں بیچ دیا، شمسی ایئر بیس پر فوجی اُتارے ،اُسکا ٹرائل ہونا چاہیے تھا۔بزرگ رہنما جمعیت اہل حدیث مولانا نصر اللہ خاں بھٹی،مولانا عطاء اللہ محمدی،صاحبزادہ سیداُسامہ ضیاء بخاری ،مرکزی رابطہ سیکرٹری متحدہ جمعیت اہلحدیث عامر وسیم سندھو، حافظ محمد یونس السدیس، فدا الرحمن طیب سمیت دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔قبل ازیں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے نواحی گاؤں کو لو تارڑ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔
امت کانفرنس