شہر کی سڑکوں پر ون ویلروں کی بھر مار ، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی

علاقائی

لاہور(خبر نگار ) پنجاب حکو مت کی جانب سے ون ویلنگ پر لگا ئی جا نے والی پا بندی کو نوجوانوں نے ہوا میں اڑا دیا۔ مین شاہراؤں پرون ویلنگ کا سلسلہ جاری، اتوار کے روز مختلف مقامات پر موٹر سائیکل ون ویلنگ کے واقعات رونما ہوئے جبکہ پولیس اس خطرناک کھیل کو روکنے کی بجائے اپنے گھروں اور تھانوں میں ہی موجود رہی۔ تفصیلات کے مطا بق شہر کے پوش علاقوں گلبرگ ،غالب مارکیٹ ، کینال ویو،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ، وحدت روڈ ڈیفنس روڈ ،مال روڈ ،فوٹرس اسٹیڈیم مغل پورہ ، غازی آ باد کے علاقوں میں منچلے موٹر سائیکلوں پر کرتب دکھاتے رہے۔ ون ویلروں نے سڑکوں پر قبضہ کررکھا تھا ۔مال روڈ ،گلبرگ لبرٹی مارکیٹ میں نوجوان ٹولیوں کی شکل میں موجود تھے جبکہ ایم ایم عالم روڈ ،فردوس مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں درجنوں موٹر سائیکلوں کی ریسیں لگتی رہیں۔ ٹریفک وارڈنز کی موجودگی میں منچلے ہلڑ بازی کرتے ہوئے نظر آئے۔ شور و غل ہلڑبازی سمیت خواتین سے بدتمیزی کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے باوجود متعلقہ تھانوں کی پولیس نے منچلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے تھانوں میں ہی موجود رہی۔ دوسری جانب اس جان لیوا کھیل پر مکمل پابند ی عائد ہونے کے باوجود انتظامیہ بھی خاموش تماشاہی بنی ہوئی ہے۔