پتنگ بازی کا سلسلہ جاری، ڈور پھرنے سے ایک شخص زخمی

علاقائی


لاہور(خبر نگار)ہربنس پورہ کے علاقہ میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 40سالہ شہری ذوالفقار علی شدید زخمی ہو گیا، زخمی ہونے والے شہری کو تشویش ناک حالت میں سروسز ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے ۔واقعہ پر سی سی پی او لاہور نے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں پولیس کی تمام حکمت عملیوں اور منصوبہ بندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا ہے، گزشتہ روز ہربنس پورہ، غازی آباد، شمالی چھاؤنی، باغبانپورہ اور گجر پورہ سمیت شاہدرہ ،گلشن راوی ،سمن آباد اور ساندہ کے علاقوں میں سب سے زیادہ پتنگ بازی کی گئی۔ جبکہ ہربنس پورہ کے علاقہ میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 40سالہ ذوالفقار شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شہری ذوالفقار علی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ کینال روڈ پر اس کے گلے پر ڈور پھر گئی جسے شدید زخمی ہونے پر تشویشناک حالت میں سروسز ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔