حامد کرزئی نے داعش کو امریکی’’ آلہ کار‘‘ قرار دیدیا ، طالبان سے روسی رابطوں پر تنقید مسترد

حامد کرزئی نے داعش کو امریکی’’ آلہ کار‘‘ قرار دیدیا ، طالبان سے روسی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کابل/واشنگٹن (آن لائن)افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے شدت پسند گروپ داعش کو مبینہ طور پر امریکہ کا " آلہ کار" قرار دیتے ہوئے، روس کے طالبان کے ساتھ روابط اور عسکریت پسند گروپ کو امن مذاکرات میں شامل کرنے کی کوششوں پر ہونے والی تنقید کو مسترد کردیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران حامد کرزئی نے گزشتہ ہفتہ داعش کے خلاف "مدر آف آل بمبز" کے حملے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے افغانستان میں گرائے جانے والے بم نے داعش کو ختم نہیں کیا ہے۔ کرزئی نے کہا کہ میں داعش کو ان کا آلہ کار سمجھتا ہوں میری نظر میں داعش اور امریکہ کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔امریکہ کی فوج افغان فورسز کے ساتھ مل کر رواں سال افغانستان سے داعش کو ختم کرنے اور طالبان عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔امریکہ کی فوج کے ترجمان نیوی کے کیپٹن بل سلوین حال ہی میں وی او اے کو بتایا تھا کہ افغان فورسز کی قیادت میں ہونے والی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سے داعش کے زیر کنٹرول علاقے میں "دوتہائی" اور اس کے جنگجوں کی تعداد میں "50 فیصد سے زائد" کمی ہوئی ہے۔امریکہ کی طرف سے خاص طور پر حالیہ ہفتوں میں ہونے والی کارروائیوں کے باوجود حامد کرزئی نے وی او اے کو بتایا کہ گزشتہ دو سال سے زائد عرصے میں داعش کے خلاف امریکہ کی قیادت میں ہونے والی لڑائی " کمزور" رہی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکہ داعش اور اتحادیوں کو ختم کرنے کے لیے شام، عراق اور دیگر علاقوں میں لڑائی کر رہا ہے تاہم ان کے پاس اپنے الزامات کی تقویت کے لیے بہت زیادہ شواہد موجود ہیں۔اپنے دور صدرات کے دو ادوار کے دوران حامد کرزئی کے امریکہ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رہے۔تاہم حالیہ سالوں میں ان کے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں، انہوں نے گزشتہ ہفتہ افغانستان میں داعش کے گڑھ پر امریکہ کی طرف سے سب سے بڑا غیر جوہری بم گرانے کی مذمت اور اس بم کے استعمال کی اجازت دینے پر افغان صدر اشرف غنی کے خلاف بڑے سخت الفاظ استعمال کیے۔

مزید :

علاقائی -