چوری کے مقدمے میں ملوث 3ملزموں کی ضمانتیں منظور

علاقائی

لاہور(نامہ نگار)کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے چوری کے مقدمے میں ملوث 3ملزموں کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ قمر زمان کے روبرو گجر پورہ پورہ پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمہ کا چالان پیش کیا، ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،پولیس نے ملزم کو شق کی بنیاد پر گرفتار کیا ہے،پولیس تفتیس میں بھی ملزمان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا،ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کو بری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں،عدلت نے دلائل سننے کے بعد 50، 50ہزار مچلکوں کے عوض ملزمان صغیر پرویز، ملک شکیل اور محمد علی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ملوث دو ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے اپنی دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کی ہوئی تھی،ملزمان سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر اشیا فروخت کر رہے تھے،ملزمان کے وکلاء نے کہا کہ ان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے،لہذاعدالت سے استدعا کی کہ ان کی ضمانتیں منظور کی جائیں،عدالت نے دلائل سننے کے بعد 30،30ہزارروپے مچلکوں کے عوض ملزمان محمد رشید اور اعظم کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔