ایس ایچ او داتا دربار کو 3 ملزمان کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اغوا ء اور قتل کے مقدمہ میں دوران تفتیش ملزم سے غیر انسانی سلوک کے خلاف درخواست پر داتا دربار پولیس کو ملزموں کا میڈیکل کروانے کاحکم دیتے ہوئے آج 22نومبر کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ظفر فرید ہاشمی نے حماد حسن سمیت تین ملزموں کی میڈیکل کروانے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ داتا دربار پولیس نے ملزموں حماد حسن، ساجد اقبال اور محمد بلال کو اغوا اور قتل کے مقدمہ میں گرفتار کر رکھا ہے اورپولیس کے غیر انسانی سلوک سے ملزموں کی دوران تفتیش موت واقع ہو سکتی ہے ،قتل کے مقدمہ میں گرفتار تینوں ملزموں کا میڈیکل کروانے کا حکم دیا جائے،عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی افسر اور ایس ایچ او داتا دربار کو ملزموں کا میڈیکل کروا کر رپورٹ آج22نومبر کوعدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیاہے۔