سپریم کورٹ حکومت کو سوئس بنکوں میں موجود قومی دولت واپس لانے کا پابند کرے،سراج الحق
لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ از خود نوٹس لیکر حکومت کوسوئس بنکوں میں پڑی ہوئی قومی دولت واپس لانے کا پابند بنائے اوران بنکوں میں پاکستانی کھاتہ داروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے ۔68سال سے قومی خزانے کو لوٹ کر باہر منتقل کرنے والو ں کو بے نقاب کیاجائے تاکہ قوم اپنے حکمرانوں کے اصل چہروں کو پہچان سکے ۔سوئس بنکوں میں موجود پاکستان کے 200ارب ڈالر سے زائد اثاثے ملک میں منتقل کرکے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضے اتارے جائیں اور باقی رقم قومی تحویل میں لیکر عوام کو بنیادی ضروریات زندگی مہیا کرنے پر خرچ کی جائے ۔امانت و دیانتداری کے نتیجہ میں وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی قوم کو فرسٹریشن اور عدم تحفظ سے نجات دلاسکتی ہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر کی تحصیل منڈا میں جماعت اسلامی کے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اعزاز الملک افکاری اور امیر العظیم بھی موجود تھے۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ جن لوگوں کو سرکاری منصب اور حکومتی ذمہ داریوں پر مقرر کردیا جائے ان سے صرف گرمی سے مرنے والے انسانوں کا ہی نہیں جانوروں کا بھی حساب لیا جائے گا ۔انہوں نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے ناظمین ،نائب ناظمین اور کونسلروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کردیں ۔
سراج الحق