شہر میں ون ویلروں کا راج ‘ موٹر سائیکل ریس بھی ہوئی ‘ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی

شہر میں ون ویلروں کا راج ‘ موٹر سائیکل ریس بھی ہوئی ‘ پولیس خاموش تماشائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کرائم سیل) ٹریفک پولیس کے بلند بانگ دعووں کے باوجود گذشتہ روز بھی شہر میں ون ویلروں کا راج رہا ،ون ویلنگ ،کرتب ،موٹر سائیکل ریس ہوتی رہی ، پولیس خاموش تماشاہی بنی رہی جبکہ ٹریفک پولیس شہریوں کے ناجائز چالان کرنے میں مصروف رہی ۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی اولاہور طیب حفیظ چیمہ نے دعویٰ کیا کہ شہر میں جان لیوا کھیل ون ویلنگ اورموٹر سائیکل ریس کا مکمل خاتمہ کردیاگیا ہے جبکہ گذشتہ روز شہر کے پوش بارونق علاقوں غالب مارکیٹ ،گلبرگ ،سمن آباد ،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ،اچھرہ ،کینال روڈ اور دیگر جگہوں پرون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس ہوئی، بعض مقامات پر ٹریفک حادثات کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ شادمان ،ریس کورس غالب مارکیٹ میں ریس کے دوران پانچ نوجوان گرکر زخمی ہوئے جن میں سے ایک نوجوان کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی لیکن ٹریفک پولیس اس جان لیوا کھیل کو روکنے کی بجائے شہریوں کے بلاجواز چالان کرتی رہی۔ ون ویلنگ کے جان لیوا کھیل کے باعث کئی نوجوان جاں بحق ہوچکے ہیں، کئی ہمیشہ کیلئے اپاہج ہوگئے لیکن ٹریفک پولیس اور انتظامیہ ابھی تک اس جان لیوا کھیل کو نہ روک سکی اور نہ ہی کوئی جامع حکمت عملی تیار کی تاکہ جان لیوا کھیل بند ہوسکے تاہم اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم جاری ہے، چند روز قبل شہر میں ون ویلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا ۔بعض جگہوں پر ون ویلنگ ،موٹر سائیکل ریس کے واقعات ہوئے لیکن پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی ۔

مزید :

علاقائی -