بنجر زمین پر پھرتے شہری اڑھائی کروڑ روپے کا مالک بن گیا

بنجر زمین پر پھرتے شہری اڑھائی کروڑ روپے کا مالک بن گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سڈنی(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک شخص غیرآباد علاقے میں اگی جھاڑیوں میں جا رہا تھا کہ اچانک اس کا پاؤں کسی چیز پر پڑ گیا۔ جب اس نے وہ چیز اٹھا کر دیکھی تو خوشی کا کوئی ٹھکانہ نا رہا کیونکہ وہ بیٹھے بٹھائے کروڑ پتی بن گیا تھا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن کے مغرب میں واقع اس بنجر علاقے میں اس شخص کے پیر کے نیچے آنے والی چیز دراصل سونے کا ایک بہت بڑا ٹکڑا تھا جس کا وزن 4.1کلوگرام تھا۔ سونے کے اس ٹکڑے کی قیمت اڑھائی لاکھ ڈالر(تقریباً اڑھائی کروڑ روپے) ہے۔اس شخص کا کہنا تھا کہ ’’جب میرا پاؤں اس ٹکڑے کے اوپر آیا تو میں لڑکھڑا گیا۔ جب میں نے اسے دیکھا تو پہلی نظر میں مجھے لگا کہ یہ گھوڑے کی نعل ہے مگر جب میں نے اسے اٹھایا اور اس کے اوپر جمع مٹی کی تہہ صاف کی تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ سونے کا ٹکڑا تھا۔ مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا۔ میں اسے گھر لے آیا اور پانی سے اچھی طرح دھو کر ایلومینیم کے کاغذ میں لپیٹ کر رکھ دیا۔ پہلی رات یہ میں نے اپنے گھر میں اوون میں چھپا کر رکھا لیکن اگلے روز میں نے اسے اپنے بینک کے لاکر میں رکھ دیا۔‘‘ رپورٹ کے مطابق اس شخص کی خواہش پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی جا رہی۔ وہ اس سونے کے ٹکڑے کو بولی میں فروخت کرنا چاہتا ہے۔

مزید :

علاقائی -