افغان مفاہمی عمل میں پاکستان کاکرداراہم ہے،امریکی جنرل جان نکولسن

علاقائی

واشنگٹن(اے این این) افغانستان میں بین الاقوامی فورسز کی قیادت کے لئے نامزد کردہ امریکی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جان مک نکولسن نے کہاہے کہ افغان مفاہمی عمل میں پاکستان کاکرداراہم ہے ۔ توثیق کے لیے امریکی سینیٹ کی مسلح افواج کے بارے میں قائمہ کمیٹی کی جاری سماعت کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان اور طالبان کے درمیان مصالحت کی خواہش کا اظہار کرتا رہا ہے لیکن اس ضمن میں پاکستان کی حکمت عملی میں تسلسل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے طالبان پر دباؤ اور اس کی طرف سے مصالحتی عمل کی حمایت افغانستان میں تشدد میں کمی لانے کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے دہشت گردوں کی پاکستانی سرزمین کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کی قابلیت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر باہمی تعاون میں بہتری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، اتحادی افواج کی پیش رفت کو برقرار رکھنے اور سرحدی تحفظ کے لیے بدستور بہت اہم ہے۔