ساہیوال کو ل پاور کا پہلا پلانٹ 20 مئی سے پیداوار شروع کرے گا: شہباز شریف

ساہیوال کو ل پاور کا پہلا پلانٹ 20 مئی سے پیداوار شروع کرے گا: شہباز شریف
ساہیوال کو ل پاور کا پہلا پلانٹ 20 مئی سے پیداوار شروع کرے گا: شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور, ساہیوال (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے  کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ سے 1320میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی اور اس منصوبے پر 192ارب روپے لاگت آئی ہے۔ سی پیک کے تحت انتہائی تیزی سے تعمیر ہونے والا یہ توانائی کا پہلا منصوبہ ہے اور اس منصوبے پر انتہائی تیزی سے کام کیا گیا ہے۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا پہلا پلانٹ 20مئی کو 660 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا اور پہلے پلانٹ کا افتتاح وزیراعظم محمد نوازشریف کریں گے جبکہ دوسرے پلانٹ سے 660میگاواٹ بجلی جون میں حاصل ہوگی اور چین کی قیادت بھی جون میں پلانٹ کے افتتاح پر ساہیوال آئے گی، اس طرح یہ منصوبہ انتہائی کم مدت میں 1320میگاواٹ بجلی دے گا اور 1320 میگاواٹ نیشنل گرڈ میں شامل ہو کر موجودہ لوڈ شیڈنگ میں ایک چوتھائی کمی کا باعث بنے گی۔

ساہیوال کول پاور پلانٹ کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا سی پیک کے تحت تمام منصوبے شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سپرکریٹیکل پلانٹ لگایا گیا ہے اور ماحولیات کے حوالے سے عالمی معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے قوم کو اندھیروں سے نکالا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں روشنیوں کی جانب تیزی سے سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا مخالفین کا احتجاج چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ میں پیپلزپارٹی کے دور میں کرپشن، بجلی کی غیر منصفانہ تقسیم اور بددیانتی کے خلاف احتجاج کرتا تھا جبکہ مخالفین کے احتجاج میں کوئی دم خم نہیں اور میرا احتجاج اصولی تھا جبکہ آج احتجاج کرنے والے اپنے دور میں کی گئی لوٹ مار ہی دیکھ لیں، جب کئی کئی سال تک توانائی منصوبوں کو مجرمانہ غفلت اورکرپشن کی نذر کیا گیا۔ اب پوری قوم دیکھ رہی ہے وزیراعظم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کی بدولت ملک اندھیروں سے نکل کر روشنی کی طرف رواں دواں ہے۔ سی پیک کی بدولت ملک تیزی سے ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھ رہا ہے جو احتجاج کرنے والوں کو گوارا نہیں۔

انہوں نے کہا ساہیوال کول پاو رپلانٹ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہے اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے تحت مہران کی وادیوں، بلوچستان کے سنگلاخ اور خیبرپی کے کے برف پوش پہاڑوں، پنجاب کے میدانی علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منصوبے لگ رہے ہیں۔ محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ چین پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جو وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ وزیراعظم نے تو ملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے اپنا دن رات ایک کر رکھا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچا کر اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

مزید :

ساہیوال -