سمارٹ فون پرانا ہوگیا تو پریشان نہ ہوں ،یہ معمولی قیمت والا جادوئی کور آپ کے فون کوجدید ترین بنا دے گا
نیویارک (نیوز ڈیسک) اگر آپ کا موبائل فون قدرے پرانا ہوچکا ہے اور آپ نئی ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھتے ہیں تو نیا فون خریدنے کی جلدی مت کریں کیونکہ ایک امریکی کمپنی نے ایک ایسا کیس متعارف کروادیا ہے جو بہت مناسب قیمت میں آپ کو نئے موبائل فون کی تمام تر سہولیات فراہم کرسکتا ہے۔
نئی ٹیکنالوجی کے خالق ہوبرٹس واسمر کا کہنا ہے کہ یہ ایک ماڈیولر کیس ہے جس میں آپ فون کا ہر اہم حصہ اور پرزہ لگا سکتے ہیں۔ آپ فون کی میموری، بیٹری، کیمرہ، سپیکر یا کوئی بھی اور حصہ نیا چاہتے ہیں تو نیا فون خریدنے کی بجائے بس مطلوبہ حصہ خریدیں اور اس کیس میں لگالیں۔ آپ اس میں نئے اور پرانے ڈیوائسز کا امتزاج بھی پیدا کرسکتے ہیں اور جب بھی آپ کے فون کا کوئی نیا ماڈل آئے تو اس کا صرف مطلوبہ حصہ اپنے کیس میں لگاسکتے ہیں۔ اس کیس کا نام nexpaq رکھا گیا ہے اور اس کی قیمت تقریباً 90 ڈالر (تقریباً 9,000 پاکستانی روپے ) متوقع ہے۔
اس میں بیٹری، سپیکر، یو ایس بی فلیش ڈرائیو، ایئر کوالٹی گیج، ہاٹ کی، لیزر، بیک اپ ڈرائیو، ایس ڈی کارڈ، ایل ای ڈی فلیش لائٹ، تھرما میٹر اور ڈمی نامی حصے تبدیل کئے جاسکتے ہیں۔ ڈمی حصوں میں مندرجہ بالا ڈیوائسز کے علاوہ بوقت ضرورت کوئی بھی نئی قسم کے ڈیوائس لگائے جاسکتے ہیں۔