”میکلارن ایف 1 کی سروس 20 سال پرانے لیپ ٹاپ کے بغیر ممکن نہیں“
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) میکلارن ایف ون دنیا کی مشہور ترین سپورٹس کارز میں سے ایک ہے جسے کم از کم 13 سال تک سب سے زیادہ تیز رفتار کار ہونے کا اعزاز حاصل رہا ہے جو 231 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سڑک پر دوڑنے کی صلاحت رکھتی ہے۔ اگرچہ 1992 سے لے کر 1999 تک صرف 106کاریں ہی بنائی گئیں جن میں سے 100 کاریں ہی دنیا بھر کے مختلف افراد کے پاس موجود ہیں لیکن آپ یہ جان کر ضرور حیران ہوں گے کہ کاروں کی دنیا میں تہلکہ مچانے والی اس کار کی سروس کیلئے کسی جدید ٹیکنالوجی کی نہیں بلکہ 20 سال پرانے لیپ ٹاپ کی ضرورت ہوتی ہے۔
حال ہی میں جیلپ نک نامی ایک شخص کو میکلارن کے سپیشل آپریشن ورکشاپ (ایم ایس او) جانے کا موقع ملا جہاں یہ انکشاف ہوا کہ کمپنی میکلارن ایف ون کی سروس کیلئے ابھی تک 20 سال پرانے لیپ ٹاپ پر انحصار کر رہی ہے جو ”کومپیک“ کمپنی نے 1990 میں بنایا تھا۔ یہ بہت ہی عجیب ہے جب آپ اس کے بارے میں سوچتے ہیں کیونکہ ایک ایسی کار جس کی کم از کم قیمت تقریباً 10 ملین ڈالر ہے ، ایک ایسے لیپ ٹاپ کے ذریعے سروس کی جاتی ہے جو اگر کسی شخص کو مفت میں بھی دیا جائے تو وہ اسے استعمال کرنے سے انکار کر دے۔
جیلپ نک نے بتایا کہ ”میکلارن مہنگے ترین پرزہ جات اور مشینری کے استعمال سے تیار ہوتی ہے لیکن اس سب کے باوجود اس میں ایسی مائیکرو چپس کا استعمال کیا گیا ہے جو 90 کی دہائی میں تیار ہوئی تھیں“۔ جیلپ نک نے کمپنی کے نمائندے کے حوالے سے بتایا کہ ” میکلارن کی سروس کیلئے کومپیک کمپنی کا پرانا لیپ ٹاپ اس لئے استعمال کرنا پڑتا ہے کیونکہ ان کاروں میں ایک ”سی اے“ کارڈ بھی لگایا گیا ہے۔ سی اے کارڈ ایک انٹرفیس ہے جو ”ڈاس بیسڈ“ ہے اورکار اور لیپ ٹاپ کے کے سافٹ وئیر اور کار کے سافٹ وئیر کے درمیان رابطے کا کام کرتا ہے“۔
نمائندے نے مزید بتایا کہ ” کمپنی ایک نیا انٹرفیس تیار کرنے میں مصروف ہے جو جدید لیپ ٹاپس کے ساتھ مطابقت رکھتا ہو کیونکہ اس وقت استعمال ہو رہے پرانے لیپ ٹاپس ڈھونڈنا بہت مشکل ہو گیا ہے اور ان پر بھروسہ بھی کم ہوتا چلا جا رہا ہے“۔